معظم لہ کی ترکی کی شیعہ خواتین سے ملاقات

حضرت آیت اللہ العظمیٰ دوز دوزانی تبریزی حفظہ اللہ نے ترکی اور جرمنی سے آئی ہوئی شیعہ خواتین کے گروپ سے ملاقات اور گفتگو کی، جو امام زمانہ ارواحنا فداہ کی ولادت کی تقریبات میں شرکت کیلئے شہر مقدس قم آئی ہوئی تھیں۔ اس ملاقات میں جو معظم لہ کے دفتر میں منعقد ہوئی،  انھوں نے شرکت کرنے والوں کو منجی عالم بشریت کی ولادت کی مبارکبار دیتے ہوئے فرمایا:

آپ لوگوں نے حضرت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور مسجد مقدس جمکران کی زیارت کے لئے جو اتنا طولانی سفر کیا ہے میں اس پر آپ کی قدر دانی اور شکریہ ادا کرتا ہوں اور خدا سے دعا ہے کہ آپ کو اس معنوی سفر کی برکت سے اجر عنایت کرے۔  میں خداوند متعال سے اُمید کرتا ہوں کہ وہ آپ سب کو نیک اعمال انجام دینے کی توفیق عطا کرے۔

مرجع عالی قدر نے مزید فرمایا: جو اپنے دینی ذمہ داریوں کو ادا کرے وہی شخص سعادت مند ہے۔ ہم دنیا میں صرف کھانے، پینے ، مزے اُڑانے  کیلئے نہیں آئے اور پھر بعد میں  سب چیزیں اپنے وارث کو سونپ جائیں۔

ہم اس دنیا میں آخرت کی طرف جانے کیلئے آئے ہیں۔ اس دنیا کی مثال کھیت کی سی ہے۔ سعادت حاصل کرنے کا مرحلہ ہے۔ ہمیں آخرت کی سعادت اور خوش بختی خریدنی چاہیے۔ اور یہ کام اُس صورت میں ہوسکتا ہے جب ہم اپنے دین پر توجہ کریں۔

معزز مرجع نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے فرمایا:  ہمیں سب سے پہلے اصول دین کے بارے میں اپنے عقیدے کو مضبوط کرنا چاہیے۔ انسان اگر موت کے بعد سوال جواب پر اعتقاد رکھتا ہو اور یہ بات جانتا ہو کہ اگر اچھائی کریگا تو جنت اور اگر برائی کریگا تو جہنم اس کا مقدر بنے گی تو وہ دنیا کی رنگینیوں میں گم نہیں ہوگا۔

انھوں نے اسی طرح رسو ل خدا ﷺ کی یمن والوں کو نصیحت کا ذکر کرتے  ہوئے فرمایا: "پہلے خدا پر ایمان لاؤ” انھوں نے کہا انسانی سعادت کی اصل اور جڑ خدا پرایمان اور پھر اُس کے مطابق عمل کرنے میں ہے۔ جناب عالی نے رسول خدا ﷺ کی حدیث بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی سعادت کا دوسرا مرحلہ  نماز کی ادائیگی ہے اور انھوں نے ذکر کیا:

رسول خدا کی حدیث کے مطابق جو شخص بھی نماز نہیں پڑھتا وہ کفر کی حد تک پہنچ گیا ہے اور اُسے سعادت نصیب نہیں ہوسکتی۔ روایت میں ملتا ہے کہ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر ایک رکعت نماز نہ پڑھے تو جہنمیوں میں سے ہوجائے گا۔ آپ اپنے ملکوں میں اپنے گھر والوں اور فرزندوں کی نماز کو اہمیت دیجئے، یہ وہی عبادت ہے کہ اگر یہ قبول ہوجائے تو بقیہ ساری عبادات بھی قبول ہوجائیں گی۔

پیغمبر اکرم ﷺ کسی ایک جنگ میں کامیاب ہوئے، کچھ مسلمانوں نے عرض کی یا رسول اللہ ہم سےنماز کو ہٹا لیجئے، حضرت نے جواب میں فرمایا: لا خیر فی دین لا صلاۃ فیہ – جس دین میں نماز نہ ہو اُس میں خیر نہیں۔

حضرت آیت اللہ العظمیٰ دوز دوزانی تبریزی دام ظلہ العالی نے اپنے گفتگو کے آخر میں قرآنی فراز "انذر عشیرتک الاقربین” کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس ملاقات میں شرکت کرنے والی خواتین  کواپنے رشتہ داروں اور قریبی افراد کو راہ حق کی طرف بلانے کی سفارش کی اور فرمایا:

اس زمانے میں جب مختلف قسم کے پروپیگنڈے انسان کو گناہ اور فساد کی دعوت دیتے ہیں، تو آپ خواتین اور ماؤں کی ذمہ داری ہے کہ دودھ، پاکیزہ غذا، اخلاق، نماز، حیا، حجاب اور معاشرتی روابط کا  خیال رکھیں تاکہ آپ کے فرزند پاکیزہ ہوں۔ جناب عالی نے آخر میں ایک دفعہ پھر مہمانوں کی سلامتی اور توفیقات میں اضافہ کیلئے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed

مینو